سکھر ،میونسپل کارپوریشن نے صفائی کے عمل کو تیز کردیا

218

سکھر(نمائندہ جسارت)سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کیلئے صفائی کے عمل کو مزید تیز کردیا گیا، شہریوں سے سڑکوں پر کچرا نہ پھینکنے کی اپیل کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج بروز منگل سے سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری صفائی مہم میں مزید تیزی لائی گئی ہے جس کی سربراہی خود میونسپل کمشنر محمد علی شیخ کررہے ہیں، شہر کے مختلف علاقوں سے سینیٹیشن اسٹاف نے نالیوں کی صفائی کی اور ڈمپنگ پوانٹس سے کوڑا کرکٹ اٹھایا جبکہ سڑکوں پر پانی اور چونے کا چھڑکائو بھی کیا گیا ہے۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر محمد علی شیخ کا کہنا تھا کہ مشیر وزیر اعلی سندھ و سابق میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی ہدایت اور انکے تعاون سے صفائی مہم تیز کردی گئی ہے، شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی میں تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے، جاری صفائی مہم کو کامیاب اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے حکمت عملی طے کر لی گئی ہے، فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہر میں صفائی آپریشن کو مربوط انداز میں آگے بڑھایا جائے گا اور تمام علاقوں سے روزانہ کی بنیاد پر کچرا اْٹھانے کا عمل مزید تیز کیا جائے گا۔ انھوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر کی صفائی و ستھرائی کو قائم رکھنے کے لئے اپنے گھروں کا کوڑا کرکٹ کھلے عام جگہوں پر نہ پھینکیں، شہر کی صفائی و ستھرائی کے حوالے سے ہرفرد کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، اگر ہم سب اپنے شہر کو صاف ستھرا شہر بنانے کے خواہشمند ہیں تو اس کے لئے کسی ایک ادارے کے بجائے ہمیں بحیثیت ذمہ دار شہری اپنے ا?س پاس کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہو گا اور گندگی کے موجب بننے والے جملہ عوامل کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی تب ہی شہر کی صفائی اور ستھرائی قائم رہ سکتی ہے۔