شہزاد اکبرکا جانا احتساب ڈرامے کا ڈراپ سین ہے، احسن اقبال

446

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کے جتنے ترجمان تھے گزشتہ ایک سال سے یہی سنا رہے تھے کہ آپ انتظار کیجیے (ن)میں سے (ش)نکلنے والی ہے لیکن پتا یہ چلا کہ (ع)میں سے(ش)نکل گئی ۔ شہزاد اکبر کا استعفا اعتراف شکست ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی مرحلہ پر حکومت کے سر سے دست شفقت اٹھ جائے تو یہ حکومت 48گھنٹوں سے زیادہ نہیں ٹھہر سکتی، اس وقت پاکستان میں حکومت نام کی کوئی چیزنہیں ،رائے عامہ کے اندر یہ حکومت پیک اپ ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبرکا جانا ایک لحاظ سے عمران نیازی کے احتساب کے ڈرامے کا ڈراپ سین ہے۔شہزاد اکبر کو ایسیٹ ریکوری یونٹ کا جواب دینا چاہیے جس نے سیاستدانوں کا پیچھا کیا، اپوزیشن کا پیچھا کیا اور عدالت عظمیٰکے جج کا پیچھا کیا اور سب لوگوں کو ہراساں کرنے کے لیے اس کو استعمال کیا ، میرا توخیال ہے شہزاداکبر کا نام فوری طور پر ای سی ایل پر ڈالنا چاہیے۔ احسن اقبال نے کہا کہ چیئرمین نیب کا نام بھی ای سی ایل پر ڈالنا چاہئے چونکہ مجھے خدشہ ہے کہ جس طرح شہزاد اکبر نے استعفیٰ دیا ہو سکتا ہے کچھ عرصہ بعد ہمیں چیئرمین نیب کا استعفیٰ بھی نظرآئے اور یہ لوگ ملک سے فرارہونے کی کوشش کریں، ان کو جوابدہ کرنا چاہئے۔ شہزاداکبر کے لئے ایک اہم عہدہ رہ گیا ہے کہ ان کو چیئرمین نیب لگا دیں تاکہ اس پورے احتساب کے عمل کا ڈراپ سین ہو جائے کہ یہ کس قسم کا احتساب کا عمل ہے۔