اسپیکر بلوچستان اسمبلی سے ایرانی قونصل جنرل کی ملاقات

153

کوئٹہ(نمائندہ جسارت )اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی سے اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند کی ملاقات۔ اسپیکر چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں قونصل جنرل نے جان محمد جمالی کو اسپیکربننے پرمبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے درمیان روڈ خراب ہونے سے لوگوں کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ کوئٹہ زاہدان کے مابین ہوائی سفر کا آغاز کیا جائے،جس کی ایرانی ائر کمپنی نے رضامندگی ظاہر کی ہے، لہٰذا اس حوالے سے بطور اسپیکر آپ اس مسئلے میں کردار ادا کریں۔ اسپیکر جان محمد جمالی نے کہا کہ ہم بہت جلدبلوچستان اسمبلی سے ایران بلوچستان فرینڈشپ گروپ تشکیل دیں گے۔ گروپ کا مقصد ایران کے ساتھ بہترین روابط قائم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو ہم دعوت دیتے ہیں کہ وہ سی پیک کا حصہ بنے اور ہم چاہ بہار کا حصہ بنیں گے۔ اسپیکر نے قونصل جنرل کو یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد اسلام آباد جا کر کوئٹہ زاہدان ہوائی پرواز کے حوالے سے بات کروںگا ۔ اسپیکر نے سیکرٹری اسمبلی کو ایرانی قونصل کے ساتھ رابطہ میں رہنے کے لیے ہدایت کی۔