اسلام آباد ( صباح نیوز) اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے پرقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔2 صفحات پر مشتمل خط میں شہباز شریف کی طرف سے ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے بیان حلفی کا متن بھی شامل کیا گیا ہے جس میں شہباز شریف نے حلفاً کہا تھا کہ نواز شریف 4 ہفتوں میں واپس آجائیں گے۔ خط میں اٹارنی جنرل کی طرف سے کہا گیا کہ 10دن میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس خصوصی بورڈ کو پیش کریں، رپورٹس نہ دینے پر آپ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔خط میں شہباز شریف سے مزید کہا گیا کہ ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت4ہفتوں کے لیے تھی اور آپ نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس نہ دے کر بیان حلفی کی خلاف ورزی کی ہے۔اٹارنی جنرل نے خط میں یہ بھی کہا کہ لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے سے پہلے آپ کو رپورٹس دینے کے لیے رابطہ کر رہا ہوں۔