شہباز شریف کا مقدمہ لائیو ٹیلی کاسٹ ہونا چاہیے‘ فواد چودھری

137

اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیراطلاعات فواد چودھری نے مطالبہ کیا ہے کہ ن لیگی صدر شہباز شریف کا مقدمہ لائیو ٹیلی کاسٹ ہونا چاہیے تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ کیس کیا ہے اور کس طرح شہبازشریف نے ملک کو لوٹا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فواد چودھری نے کہا کہ شہباز شریف جب وزیراعلیٰ تھے تو انہوں نے مقامی حکومتیں ختم کر کے سارے وسائل اپنے پاس رکھ لیے، اس کے بعد سارا پیسہ شہباز شریف اینڈ کمپنی اپنے اکائونٹس میں جمع کراتی رہی، ملک مقصود رمضان شوگر مل میں چپڑاسی بھرتی ہوئے، اس کے اکائونٹ میں 4ارب روپے نکلے، منظور پاپڑ اور مشتاق چینی کے ناموں سے اربوں روپے کی ٹی ٹیز شہباز شریف اور ان کے بچوں کے اکائونٹس میں گئیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اسی نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں، بااختیار مقامی حکومتوں کے نظام سے ایسے نظام کا خاتمہ ہوگا، ہمارا مطالبہ ہے کہ شہباز شریف نواز شریف کے واپس نہ آنے کی وجوہات بتائیں۔