سری لنکا کے وزیر تجارت کی سربراہی میں وفد کی شاہ محمود سے ملاقات

178

اسلا م آباد(صباح نیوز) سری لنکا کے وزیر تجارت ڈاکٹر بندولا گناوردھنا اور ریاستی وزیر برائے علاقائی تعاون مسٹر تھراکا بالاسوریا نے سری لنکن کاروباری وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی،دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،فریقین نے دونوں ممالک کی کاروباری کمپنیوں /تجارتی چیمبرز کے مابین دو طرفہ ملاقاتوں کے فروغ پر اتفاق کیا جبکہ علاقائی و بین الاقوامی فورمز کی تمام سطحوں پر تعاون کے ذریعے علاقائی امن، ترقی اور روابط کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری،سیاحت، زراعت اور دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے بہت سے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں جن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے سیالکوٹ میں پیش آنے والے المناک واقعے میںپریانتا کمارا کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے ذمے داروں کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، علاقائی امن، ترقی، شراکت داری اور روابط کے فروغ پر مبنی، اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔