حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی موجودہ نالائق، نااہل اور بے حس حکومت کیخلاف حیدرآباد سے کسان ٹریکٹر مارچ کا آغاز کرنے جارہی ہے ، پاکستان کی معیشت کابڑا انحصار زراعت کے شعبے پر ہے جو کہ یہ بے حس حکمران سمجھنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو سب سے بڑا درپیش مسئلہ یوریاکھاد کی عدم موجودگی کاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی طارق شاہ جاموٹ، ضلعی صدر حیدرآباد صغیر قریشی، مرکزی رہنما عاجز دامرہ بھی موجود تھے۔ شازیہ مری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے 21 جنوری کو ٹریکٹر مارچ کے پہلے فیز کا آغاز لاڑکانہ اور ساہیوال سے کیا اور آج سے دوسرے فیز کا آغاز کیاجارہا ہے جس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری بھی شرکت کریں گے ،ملک میں اس وقت کسان اس نالائق حکومت سے پریشان ہے اور کسان نے اس حکومت کے 3سال بہت مشکل میں گزارے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے ملک میں خوراک کی قلت بڑھنے کا خدشہ ہے اور اس بے حس ٹولے سے نجات حاصل کرنے کیلئے پیپلزپارٹی 27 مارچ کو لانگ مارچ کرنے جارہی ہے ۔ نیازی حکومت نے کھاد کی قیمت میں بھی بے تحاشہ اضافہ کیا اور یوریا کھاد کی فی بوری 3200 روپے سے 3500 روپے تک فروخت کی جارہی ہے اورحکومت نے 5 سے 6سو فیصد ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا ہے، عوام ان نالائقوں سے پریشان ہوچکے ہیں، موجودہ حکومت کے وزیر روز بیان بازی کے لیے نکل آتے ہیں جبکہ ملک میں مہنگائی کیوں ہوئی اس پر بات نہیں کرتے، آج اگر کوئی اس ملک کا بڑا دشمن ہے تو وہ عمران نیازی ہے۔ عمران خان کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے معیشت کمزور ہوئی ہے اور کورونا ایک حقیقت ہے ہم نہیں چاہتے کے لوگ خطرے میں پڑیںلیکن ایک کورونا وائرس عمران خان کی شکل میں بھی ملک میں موجود ہیں اس وائرس کا مقابلہ ہم ماسک پہن کر کرینگے۔کل تمام کسان پیدل اور اپنے ٹریکٹرز پرمارچ میں بھرپور شرکت کریں گے، یہ ایک سیاسی جماعت کا احتجاج نہیں بلکہ کسان اور مزدور کا مارچ ہوگا ،کسان پاکستان کا سرمایہ ہے ،کسانوں کو بچانے کے لیے عمران نیازی کو گھر جانا ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں شازیہ مری نے کہا کہ نالائقوںکی وجہ سے پاکستان دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک قرار پایا ہے اوراس خطے میں پاکستان مہنگائی میں پہلے نمبر پر ہے۔