پاکستان کے مظفر خان نے ورلڈ باکسنگ عربین سی ٹائٹل جیت لیا

164

اسلام آباد(جسارت نیوز)پاکستان کے مظفر خان نے افغانستان کے باکسر کو شکست دیکر ورلڈ باکسنگ کونسل عربین سی ٹائٹل فائٹ جیت لی۔مظفر خان نے افغانستان کے آغا احمد سمیر درانی کو پانچویں رائونڈ میں ناک آئوٹ کرکے ورلڈ باکسنگ کونسل عربین سی کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔پاکستانی فائٹر کی جیت کے بعد سبز ہلالی پرچم کو رنگ میں لہرایا گیا اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا جبکہ فاتح باکسر مظفر خان کو ان کے ساتھیوں نے جیت کی خوشی میں کندھے پر بھی اٹھایا۔ اسلام آباد میں ورلڈ باکسنگ کونسل عریبین سی ٹائٹل فائٹ میں پاکستان کے مظفرخان اور افغانستان کے آغا سمیر مدمقابل ہوئے ، پاکستانی باکسر مظفرخان نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باکسر پر مکوں کی برسات کر دی جس سے وہ نڈھال ہو گیا ،پانچویں رائونڈ میں مظفرخان کے ایک زوردار مکے نے حریف باکسر کو ناک آئوٹ کر کے چاروں شانے چت کر دیا اور ٹائٹل اپنے نام کیا۔اس موقع پر ورلڈ باکسنگ کونسل مڈل ایسٹ چمپئن عثمان وزیر بھی پاکستانی باکسرز کو سپورٹ کرنے کیلیے موجود تھے۔ یہ فائٹ پاکستان پروفیشنل باکسنگ لیگ کے تحت کھیلی گئی۔