کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کے دباؤ میں آکر ایک گھنٹے میں 36 قانون پاس کرکے ایسٹ انڈیا کمپنی کی یاد تازہ کردی ہے،جس سے مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا، سودی نظام سے نجات کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، ہمارے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام اور نظام مصطفی کانفاذ ہے،شہید عظیم بلوچ کو اللہ تعالیٰ نے اس کی آرزو و تمنا کے مطابق شہادت کی موت دے کر اپنے پاس بلالیا، وہ ہر لحاظ سے ایک نظریاتی و آئیڈل شخصیت تھے ،عظیم بھائی کے نقش قدم زندگی گزارنی ہے تو آج ہمیں اس اجتماع میں عہد کرنا چاہیے کہ اپنی بقیہ تمام زندگی اسلام کے نام پر قربان کردیں گے اور حق و سچ کا ساتھ دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہدادپور میں سابق صوبائی نائب امیر محمد عظیم بلوچ کی یاد میں احباب سندھ کنونشن سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی کا نوری آباد، حیدرآباد، مٹیاری، باقر نظامانی میں زبردست استقبال اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرک بھی پیش کیا گیا۔سراج الحق نے کہاکہ 74 سال گزر گئے مگر ایک گھنٹہ کے لیے بھی یہاں اسلام نافذ نہیں ہوا، ملک مقروض اور پاکستان کاہر بچہ 2لاکھ 56 ہزار کا مقروض ہے، عدالتوں میں انصاف نہیں ہے، ایک غریب آدمی تو ناکردہ گناہوں کی سزا بھی بھگتا ہے مگر وزیر اعظم عدالت عظمیٰ میں اپنی حاضری بھی گناہ سمجھتا ہے، یہاں غریب و امیر کے لیے الگ الگ قانون ہے، اس سے ثابت ہوگیا کہ یہاں ایک نہیں 2پاکستان ہیں، اس لیے جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کررہی ہے،جماعت اسلامی ظلم و ناانصافی مہنگائی اور سودی نظام کے خلاف ملک بھر میں دھرنے دے گی مسائل کے حل کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عظیم بھائی نے کراچی تا کشمور سندھ کے چپے چپے پر دعوت دین کا کام کیا، ان کی موت نے بھی تحریک کو طاقت اور سمت دی ہے، سانس کے آخری قطرے اور سانس کے آخری لمحے تک اقامت دین کے لیے جدوجہد کرنا عظیم بلوچ کی شہادت کا پیغام ہے۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے اپنے خطاب میں کہاکہ عظیم بلوچ ایک کردار کا نام ہے،وہ جنت کے شہزادے اور دعوت و تحریک کا عملی نمونہ تھے۔امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہاکہ عظیم بلوچ واقعی ایک عظیم آدمی تھے وہ ہر وقت دعوت دین کے کاموں میں مصروف تھے، ان کی شہادت کا بھی یہی پیغام ہے کہ انہوں نے پوری زندگی اقامت دین کے لیے خرچ کردی ہے، وہ جمعیت کے تربیت یافتہ اور اگلے مورچوں کے مجاہد تھے،یہ ایک حقیقت ہے کہ دنیا میں کامیاب زندگی گزارنے کے لیے جمعیت بہترین پلیٹ فارم ہے، میں احباب جمعیت کو دعوت دوں گا کہ اپنی وابستگی جماعت اسلامی کے ساتھ رکھیں،پاکستان کو حقیقی پاکستان بنانے کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے۔ احباب جمعیت پاکستان کے ناظم سید وقاص انجم جعفری نے اپنے خطاب میں کہاکہ اس طرح کے اجتماعات میں شرکت بھی بڑی سعادت ہے۔،ایمان ،جہاد و کردار کی بنیاد پر جمعیت کا قافلہ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے، لوگوں سے محبت ان کی زندگی میں کی جائے مرنے کا انتظار نہ کیا جائے۔اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ حمزہ محمد صدیقی نے کہاکہ عظیم بلوچ اپنی زندگی میں لوگوں کو جوڑا کرتے تھے، یہ احباب کنونشن بھی اس کی گواہی دے رہا ہے، عظیم بلوچ کا پیغام بھی یہ ہے کہ ہم اپنی پوری زندگی اس تحریک کے ساتھ جوڑدیں گے اور خون کے آخری قطرے تک اقامت دین کے لیے جدوجہد جاری رکھیں۔،پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اور اس کو اسلام کا قلعہ بنائیں گے۔ اس موقع پر شہید عظیم بلوچ کے بھائی جے آئی یوتھ پاکستان کے نائب صدر فرہاد گل، صوبائی نائب مراء پروفیسر نظام الدین میمن، حافظ نصراللہ چنا، جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ اور سابق ناظم اعلیٰ زبیر حفیظ شیخ سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ درگاہ مٹیاری شریف کے سجادہ نشین پیر غلام مجدد سرہندی نے دعا سے کنونشن کا اختتام کیا۔