عمران خان نے کورونا کے 2 برس میں عوام کو بھوک اور غربت سے بچایا ،شاہ محمود قریشی

337
نفرت انگیز بیانیے کو لگام دینی چاہیے، وزیر خارجہ 

اسلام آباد (صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی بصیرت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے کورونا کے دو سالوں کے دوران عوام نہ صرف بھوک و غربت سے بچایا بلکہ ان کے گھروں کا پہیہ بھی چلتا رہا۔ ملتان میں منعقدہ مختلف تقریبات اور استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مخلص اور محنتی کارکن تحریک انصاف کا سرمایہ ہیں، ہم کارکنو ں کو مایوس نہیں کریں گے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کون کہتا ہے تحریک انصاف کی مقبولیت میں کمی ہوئی، انشا اللہ 2023ء بھی تحریک انصاف کی کامیابی کا سال ہوگا، ہم مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں، اشیائے ضروریات کی قیمتوں میں جلد کمی آئیگی ہم جلد مہنگائی پر قابو پا کر عوام کی عدالت میں جاکر سرخرو ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے، کورونا کے بعد مہنگائی عالمی مسئلہ بن چکی ہے مگر تحریک انصاف کی حکومت اور عمران خان نے وبا کے باوجود اقتصادی کامیابیاں حاصل کیں، ترسیلات زر، برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سمیت اسٹاک ایکسچینج اور زراعت کے شعبے میں واضح بہتری آئی جو حکومت کی دانش مندانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔حکومت نے اپنے 3 سالہ دور میں ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح کے حوالے سے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میں جنوبی پنجاب کے عوام اور خاص طور پر اپوزیشن اراکین اسمبلی سے کہوں گا کہ وہ جنوبی پنجاب صوبے کی تشکیل کیلئے اپنی قیادت کو راضی کریں، ہم جنوبی پنجاب کے قیام اور ترقی کے لیے اپنے قول پر قائم ہیں اور خلوص نیت سے کام کررہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ عوام پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں جماعتوں کی اصلیت جان کر اْن سے متنفر ہوچکے ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان عوام کے لیے امید کی کرن ثابت ہوئے ہیں، عوامی پذیرائی نہ ملنے کی وجہ سے اپوزیشن کی صفوں میں دراڑیں پڑ چکی ہیں۔