مزدور بلاول بھٹو کی تحریک کا حصہ بنیں گے‘ حبیب جنیدی

195

بلاول بھٹو کی نوجوان اور پُرعزم قیادت میں 27 فروری کو مزارِ قائد کراچی سے اسلام آباد تک نکالے جانے والا عوامی لانگ مارچ درحقیقت استحکام جمہوریت کی تاریخی ریلی ہے جس کے نتیجہ میں پارلیمان، تمام جمہوری ادارے اور وفاقِ پاکستان مستحکم ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی، جنرل سیکرٹری سیّد فیاض علی شاہ، سینئر نائب صدر لعل بخش کلہوڑو اور انفارمیشن سیکرٹری سلیم سومرو نے مشترکہ بیان میں کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پیپلز لیبر بیورو اس ضمن میں ملک بھر بالخصوص سندھ کے مزدوروں اور ٹریڈ یونین تنظیموں کو متحرک کرے گا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے منظم کی جانے والی اس تحریک میں بھرپور حصّہ لے گا۔ بیان میں قائدین نے کہا کہ تاریخی لانگ مارچ میں منظم انداز میں شرکت کرنے کے لیے پیپلز لیبر بیورو سندھ کی ایگزیکٹو کمیٹی اور تمام ڈویژنل و ضلعی صُدور، جنرل سیکریٹریز اور انفارمیشن سیکرٹریز کا مشترکہ اجلاس 18 جنوری حیدرآباد میں طلب کرلیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں تاریخی مارچ کے حوالے سے سندھ بھر میں احتجاجی اجلاس، مظاہرے، پریس کانفرنسز اور ریلیز منعقد کی جائیں گی۔