بدانتظامی اور کرپشن پی ٹی آئی کی پہچان بن چکی ہے، شہباز شریف

361

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ملک میں یوریا کی قلت اور کسانوں کو درپیش صورتحال پر شدید اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسان دربدر ہیں، کھاد کی سمگلنگ اور بلیک میں فروخت جاری ہے اور حکومت ہمیشہ کی طرح غائب ہے۔

اپنے ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈی اے پی اور یوریا کی سمگلنگ روکی جائے، کسانوں کا استحصال بند کیا جائے، ہر معاملے میں حکومتی نااہلی، نالائقی اور چور بازاری کی سزا عوام اور کسانوں کو مل رہی ہے، کسان چیخ رہے ہیں کہ اسمگلنگ ہورہی ہے، حکومت کہاں سوئی ہوئی ہے؟، عالمی منڈی میں یوریا کی قیمت زیادہ ہے تو اسمگلنگ کی روک تھام کیوں نہ کی گئی؟، پیشگی انتظامات کیوں نہ ہوئے؟، یوریا کی قلت پی ٹی آئی کی بدانتظامی اور کرپشن کا شاخسانہ ہے جو اس کی پہچان بن چکی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ یوریا نہ ہونے کا مطلب زرعی پیداوار میں کمی ہے جس کے نتیجے میں نئے مسائل پیدا ہوں گے، بدقسمتی ہے کہ ایک زرعی ملک جو گندم اور چینی برآمد کرتا تھا، آج گندم اور چینی باہر سے منگوارہا ہے ہمارے دور میں ڈیپ 2400 کی بوری تھی، آج کسانوں کو 10 ہزار میں بھی نہیں مل رہی ہے، حکومت کا قیمتوں پر کنٹرول نہ ہونا ناکامی، نااہلی اور بدانتظامی کی انتہائی ہے۔