ٹھٹھہ میں تیز ہواوں سے دو کشتیاں الٹ گئیں، 8 ماہی گیر لاپتا

248

ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت) کیٹی بندر کے قریب حجامڑو کریک میں تیز ہواو¿ں کے باعث 2 کشتیاں الٹنے سے 38 ماہی گیر ڈوب گئے ، جن میں سے 30 کو بچالیا گیا ہے اور 8 تاحال لاپتا ہیں۔ ٹھٹھہ کے قریب کیٹی بندر کے کھلے سمندر میں 2 کشتیاں ڈوب گئیں جس میں موجود38 ماہی گیر ڈوب گئے۔ ترجمان پاکستان فشر فوک فورم کے مطابق تیز ہواوں کے باعث سمندر میں طغیانی رہی، دو کشتیاں الصدیق اور البحریہ ابراہیم حیدری کراچی سے روانہ ہوئی تھیں، جو کیٹی بندر کے کھلے سمندر میں ڈوب گئیں، 25 ماہی گیروں کو میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے ریسکیو کرلیا جب کہ 13 ماہی گیر لاپتا ہیں۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والے 4 ماہی گیروں نے لکڑی کے ٹکڑے پر تیر کر اپنی جان بچالی ہے، جب کہ 9 ماہی گیر تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے ٹیمیں روانہ کردی ہیں۔ امدادی اداروں کے مطابق پانی سے نکل کر جان بچانے والوں میں عثمان ملاح، ہارون چنہ، خمیسو ملاح اور صدیق ملاح کو کیٹی بندر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور ان کی صحت کافی بہتر ہے۔دوسری جانب ڈی سی ٹھٹھہ غضنفر قادری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تفصیلی رپورٹ پیش کردی ۔