اپوزیشن کا انجن دھوں دے رہا ہے، شیخ رشید

324

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا انجن دھوں دے رہا ہے اور کہہ رہے ہیں کہ ہم اسلام آباد آ رہے ہیں۔

شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 21 اور22 مارچ سے اسلام آباد کی کچھ سڑکیں بند ہوں گی۔ 23 مارچ کو او آئی سی کے سربراہان پاکستان آ رہے ہیں۔ فورسز کو کہا ہے کہ جاگتے رہنا۔شیخ رشید نے کہا کہ جو کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی حکومت جانے والی ہے، ان کی  آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ عمران خان پانچ سال کی مدت پوری کریں گے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ اپوزشین کے رِنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں۔ عمران خان کے جانے کی بات کرنے والوں کی عقل جواب دے چکی ہے۔ ملک کو لوٹنے والے کس منہ سے اسلام آباد کی جانب آرہے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ 2001 سے 22 تک اس ملک کی فورسز نے ہزاروں جانوں کی قربانی کے بعد دہشتگردوں کو شکست دی ہے۔ طالبان کی کامیابی کے بعد اکا دکا گروپ وارداتیں کر رہے ہیں۔ نئی لہر ہماری عوام کو شکست نہیں دے سکتے۔ گیارہ فروری کو یہ دونوں گروپ اکٹھے ہوئے اور بی این اے بنی ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ٹی ٹی پی کی شرائط اس قسم کی ہیں جو قبول نہیں کی جا سکتیں اگر ٹی ٹی پی والے لڑیں گے تو ہم بھی لڑیں گے۔ رات کو ہی ہم نے تمام فورسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ہماری قوم ان مسائل کا سامنا کرنے کیلئے الرٹ کھڑی ہے۔