سعودی سفارتکارکا قتل: سی ٹی ڈی کا ایران کو خط

144

 

کراچی (آئی این پی ) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں 10سال قبل قتل ہونے والے سعودی سفارت کار حسن القحطانی کے قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)نے پڑوسی ملک ایران سے کیس میں مطلوب تینوں دہشت گردوں کی تفصیلات مانگتے ہوئے خط لکھ دیا ۔سی ٹی ڈی حکام نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ پڑوسی ملک ایران سے تینوں مطلوب دہشت گردوں علی مستحسن، رضا امام اور سید وقار احمد کی معلومات مانگی گئی ہیں، تینوں دہشت گرد واردات کے بعد ایران فرار ہوگئے تھے اور واردات کے بعد پاکستان واپس آنے کی ان کی ٹریول ہسٹری موجود نہیں ہے تاہم ان کے اہلخانہ کی ملک سے آمد و رفت کی ٹریول ہسٹری موجود ہے۔حکام کے مطابق علی مستحسن اور سید وقار احمد کے ریڈ وارنٹس پہلے ہی جاری ہوچکے ہیں تاہم رضا امام کی مکمل تفصیلات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس نہیں تھیں، اب جو معلومات میسر ہیں ان ہی کی بنیاد پر ریڈ وارنٹ کے لیے لکھ دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ سعودی سفارت کار حسن القحطانی کو 16مئی 2011ء کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں درخشاں تھانے کی حدود میں کار پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیاتھا۔