وزیراعلیٰ پنجاب نے مری کو ضلع کا درجہ دینے کی منظوری دیدی

93

 

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مری کو ضلع کا درجہ دینے کی منظوری دیدی، مری کی اپ گریڈیشن کیلیے کئی بڑے اقدامات کی منظوری، فیصل آباد کی ترقی کیلیے تقریباً 3 ارب روپے کے منصوبوں کی بھی منظوری، کورونا سے بچاؤ کیلیے مفت ماسک کی تقسیم کا افتتاح کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب نے سانحہ مری کی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مری کو آئندہ مالی سال میں باضابطہ ضلع کا درجہ دینے، مری میں محکمہ موسمیات کے دفتر کے قیام کی بھی منظوری دی ہے اور کمیٹی کی سفارش پر متعلقہ محکموں کو مشینری کی خریداری کیلیے اقدامات اور تجاوزات کیخلاف آپریشن کیلیے بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کا اجلاس ہوا، وزیراعلیٰ نے مری کی اپ گریڈیشن کیلیے مری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر افسر اور متعلقہ اسٹاف تعینات کرنے اور اس ضمن میں بجٹ کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ نے مری میں پولیس کا نیا ڈویژن قائم کرنے کی بھی منظوری دی، نئے کوہسار ڈویژن کیلیے ایس پی کے عہدے کے افسر کو تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے فیصل آباد کی ترقی کیلیے تقریباً 3 ارب روپے کے منصوبوں کی بھی منظوری دے دی ہے۔ فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبوں، واٹر سپلائی اور سینیٹیشن کی سہولتو ںکی بہتری کی 179، سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی 27، ہائر ایجوکیشن سیکٹر کی 5 نئی اسکیموںاور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال سمندری کے زچہ و بچہ وارڈ کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی۔