بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤ لی جیان نے کہا ہے کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے ایک اہم پائلٹ منصوبے کے طور پر وسیع مشاورت، مشترکہ تعمیر اور مشترکہ فوائد کے اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ سی پیک نے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور لوگوں کی زندگیوں میں بہتری کو مؤثر طریقے سے فروغ دیا ہے، اور پاکستان میں تمام شعبہ ہائے زندگی نے اسے وسیع پیمانے پر تسلیم کیا ہے۔ حالیہ دنوں پاکستانی صدر، وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ متعلقہ حکام اور میڈیا تبصرے بھی سی پیک کی مثبت پیش رفت کی تصدیق کرتے ہیں۔چینی میڈ یا کے مطا بق ترجمان نے جمعرات کے روز میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ سی پیک کی پیش رفت کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی چند منفی خبریں سراسر جھوٹ ہیں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری فریم ورک کے تحت نئے زرعی ورکنگ گروپس، انفارمیشن ٹیکنالوجی ورکنگ گروپس اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ورکنگ گروپس قائم کیے گئے ہیں۔ گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں سی پیک فریم ورک کے تحت معاش اور سماج سے وابستہ کئی منصوبوں کی منظوری اور ان پر عمل درآمد کیا گیا ہے، جس سے عمدہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔