سکھر،شہریوں کا پانی کی قلت کیخلاف برتن اٹھاکر احتجاج

80

سکھر(نمائندہ جسارت)سکھرکے شہریوں کا پانی کی قلت و شدید بحران کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، خالی برتن اٹھا کر انوکھا احتجاج، نعرے بازی۔ تفصیلات کے مطابق سکھر شہری اتحاد کی جانب سے سکھر کے علاقوں مائیکروں کالونی ، بھوسہ لائن ، نیو پنڈ ، اسلام کالونی سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی قلت اور بحران کے خلاف علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے ہاتھوں میں پلے کارڈ ، بینرز اور خالی برتن اٹھا کر انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی ۔ مظاہرے کی قیادت سکھر شہری اتحاد کے چیئرمین مولانا عبید اللہ بھٹو ابن آزاد ، فضل الرحمن ، اصغر لغاری ، حبیب اللہ انصاری ، قدرت اللہ بروہی ، علی گل لغاری سمیت دیگر کر رہے تھے۔ اس موقع پر مذکورہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ میونسپل کارپوریشن شہریوں کو پانی کی فراہمی میں مسلسل ناکام دکھائی دیتا ہے بلدیاتی نمائندگان اور متعلقہ محکموں کے افسران کی مسلسل غفلت ، خاموشی اور نااہلی کے باعث مذکورہ علاقے کے مکین شدید پریشان ہیں پانی کی عدم فراہمی کے باعث مکین دور دراز علاقوں سے پانی بھرنے پر مجبور ہیں متاثرہ علاقے کربلا کا منظر پیش کر رہے ہیں لیکن شکایتوں پر بھی کوئی عملدرآمد نہیں ہوتادیکھائی دیتا ہے۔ مظاہرین نے بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا نوٹس لیتے ہوئے علاقہ مکینوں کو بنیادی سہولیات فوری فراہم کی جائے اور ملوث ملازمین آغا اکرم اور آغا جاوید پر محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لاکر فوری معطل کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا جائے گا۔