اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ الیکشن جیتنے کے بعد پارٹی وزیراعظم کے امیدوار کا فیصلہ کرتی ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فواد چودھری نے جو باتیں کی ہیں‘ سمجھ سے باہر ہیں‘ ان کی باتیں صرف توجہ حاصل کرنے کی کوشش ہے‘ میں وزیراعظم کے عہدے کا خواہشمند ہوں نہ طلب گار۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اقتدار کے خواہشمند نہیں‘ ہم چاہتے ہیں ملک کا نظام آئین کے مطابق ہو، جبکہ آج ملک کی ضرورت ہے کہ عوام کو شفاف الیکشن ملے۔ شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ وہ 22 افراد کو جانتے ہیں جو اب حکومت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے اور دیکھنا حکومت ایک دن بھی بیساکھیوں کے بغیر نہیں رہ سکتی‘ 22 لوگ ہٹ جائیں تو حکومت اکثریت کھو دے گی پھر شاید عدم اعتماد کی ضرورت نہ پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم انتظار کررہے ہیں کہ ملک کا نظام آئین کے مطابق چلے جبکہ اس حکومت کے ساتھ نہ اتحادی اور نہ اس کے اپنے بہت سے ارکان ساتھ چلنا چاہتے ہیں۔