کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر کے خلاف خاتون رکن اسمبلی کو مبینہ طور ہراساں کرنے کی تحقیقات شروع کردیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق مبینہ ہراسگی کا الزام پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شازیہ سنگھار نے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کو دی گئی تحریری درخواست میں لگایا ہے ۔ خاتون رکن سندھ اسمبلی نے ایف آئی اے سائبر کرائم کو تحریری درخواست میں بتایا کہ رکن سندھ اسمبلی کی حیثیت سے شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کی سنڈیکٹ کی رکن ہوں اور وائس چانسلر کے خلاف متعدد بار شکایت کی اور یونیورسٹی کے معاملات میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے اور وائس چانسلر اختر بلوچ کے خلاف مذکورہ سنڈیکٹ کے اجلاس میں فنڈز میں خوردبرد کی نشاندہی بھی کی ہے جس کے بعد سے مجھے ہراساں کرنا شروع کیا گیا۔رکن سندھ اسمبلی شازیہ کریم سنگھار کے مطابق وائس چانسلر نے اپنے ذاتی نمبر سے بذریعہ واٹس ایپ کے ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے جسے شروع میں نظر انداز کیا تاہم وائس چانسلر نے مستقل یہ قدم اٹھانا شروع کر دیا ہے جس پر ایف آئی اے سائبر کرائم میں تحریری شکایت جمع کرائی ہے ۔