لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب کے اپنے آئیں بائیں شائیں کے پلندہ میں مریم نواز شریف کی درخواست میں بیان کردہ ایک نکتے، ایک واقعے اور ایک حقیقت کا بھی جواب موجود نہیں ۔نیب نیازی گٹھ جوڑ کے ثبوتوں کے صندوق اسلام آباد ہائی کورٹ بھی نہ پہنچ سکے۔نیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہو ئے ترجمان(ن)لیگ نے کہا کہ سیاہ کرداروں کے صفحے کالے کرنے سے کام نہیں چلے گا، مریم نواز کی پٹیشن کا جواب دیں، ثبوت لائیں، عدالت اور ججوں کے سوالات کا جواب دیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے پاس نوازشریف کی جائداد کی ملکیت اور مریم نواز کے بینیفیشل اونر ہونے کا کوئی ثبوت نہیں، نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف نیب نیازی گٹھ جوڑ کے ثبوتوں کے صندوق اسلام آباد ہائی کورٹ بھی نہ پہنچ سکے،نیب کے پاس نہ ثبوت،نہ دلیل اور نہ ہی کوئی کیس ہے صرف عمران صاحب کی ڈھٹائی اور ضد ہے ۔