سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد

370

اسلام آباد: عدالت عالیہ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی، سماعت پر رانا شمیم بھی پیش ہوئے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فرد جرم عائد کرتے ہوئے کہا کہ بیان حلفی کو نوٹرائزڈ کرایا گیا جو میڈیا تک پہنچا، رانا شمیم نے کہا بیان حلفی نوٹرائزڈ کرا کے سیل کیا اور نواسے کے حوالے کیا، کوریئر سروس سے بیان حلفی موصول ہوا، راناشمیم نے کہا ہو سکتا ہے بیان حلفی نوٹری پبلک سے لیک ہوا ہو۔

فرد جرم میں کہا گیا کہ رانا شمیم نے نوٹری پبلک کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی، رانا شمیم نے عدالت کو اسکینڈلائز کرنے کی کوشش کی، رانا شمیم نے اپنے کنڈکٹ سے زیرالتوا کیس پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی، بیان حلفی کے مطابق ان سے پوچھا ایسی ہدایات کیوں دیں؟ رانا شمیم نے کہا پنجاب اور گلگت بلتستان کی کیمسٹری مختلف ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اوپن کورٹ میں الزامات پڑھ کر سنا دیے، آپ کیا کہتے ہیں؟ رانا شمیم نے جواب میں کہا کہ فرد جرم کی کاپی مجھے فراہم کی جائے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ الزامات تسلیم کرتے ہیں یا نہیں؟ رانا شمیم نے جواب میں کہا کہ کچھ باتیں تسلیم کرتا ہوں اور کچھ نہیں۔