اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے بدھ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔
اماراتی سفیر نے 17 جنوری کو حوثی ملیشیا کی جانب سے ابوظہبی کے شہری علاقوں میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں پاکستانی شہری کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور پاکستانی قیادت کی جانب سے اظہار یکجہتی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے حوثی ملیشیا کی جانب سے ابوظہبی کے شہری علاقوں پر دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کی اور اس دہشتگردی کے نتیجے میں ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ابوظہبی میں ہونے والے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری گذشتہ روز متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے ساتھ اس حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور میں نے ان حملوں میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری کی میت کی جلد وطن واپسی اور زخمیوں کے علاج معالجے کیلئے اماراتی حکومت کی بھرپور کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا،
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ کھڑا ہے۔ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان دہشتگرد حملوں کو متحدہ عرب امارات کی خود مختاری اور سالمیت پر حملہ سمجھتے ہیں۔