اسلام آباد میں دہشت گردی شروع، الرٹ رہنے کی ضرورت ہے ، شیخ رشید

437
اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (آن لائن+اے پی پی) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات شروع ہوگئے‘ الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد پولیس کے شہید کانسٹیبل کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کراچی کمپنی کے پاس دہشت گردی کا واقعہ ہوا ہے ۔ ہیڈ کانسٹیبل منور ڈیوٹی پر موجود تھے فائرنگ سے شہید ہوئے۔ یہ چوری یا ڈکیتی کا واقعہ نہیں ہے دہشت گردوں نے فائرنگ کی ہے۔ ہمیں یہ ایک قسم کا سگنل ملا ہے کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات شروع ہو گئے ہیں۔ یہ اس سال کا پہلا واقعہ ہے ہمیں بہت الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے اپنی جان دے کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی ساری فورسز پاکستان کی حفاظت کے لیے جان کا نذرانہ دینے کو تیار ہیں۔ دونوں ملزموں تک پہنچ گئے ہیں موٹر بائیکس سے ان کو ٹریس کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں، برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہمارا بہترین اورقیمتی اثاثہ ہیں۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنرسے گفتگو میں کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان برطانیہ دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی اور سزا یافتہ شہریوں کی واپسی اور مجرمان کی حوالگی سے متعلق پاک برطانیہ معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ ملاقات میں پاک برطانیہ دو طرفہ معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے اور جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیاگیا۔