روایتی حریف لاہور اورکراچی پی ایس ایل میں توجہ کا مرکز ہونگے

227

کراچی (اے پی پی)پاکستان کرکٹ میں لاہور اور کراچی پرانے حریف سمجھے جاتے ہیں مگر پاکستان سپر لیگ نے اس کی کشش میں بے انتہا اضا فہ کردیاہے، اس مرتبہ روایتی حریفوںکے اس ٹاکرے میں توجہ کا مرکز دونوں ٹیموں کے کپتان ہوں گے۔ٹی 20کرکٹ کے دو نامور ستارے بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کا مقابلہ شائقین کرکٹ کے لیے بلے اور گیند کی حقیقی آزمائش کے مترادف ہے۔27جنوری سے 27فروری تک کھیلے جانے والے ایونٹ میں متوقع طور پرشائقین کرکٹ کی سب سے بڑی تعداد کراچی کنگز کے کپتان اور اوپننگ بیٹربابراعظم اور لاہور قلندرز کے کپتان اور اسٹرائیک بولر شاہین شاہ آفریدی کے مقابلے کی منتظر ہے۔ بابراعظم قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور شاہین شاہ آفریدی بولنگ اٹیک کے لیڈنگ بولر بھی ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے کیلنڈر ایئر2021 میں پاکستان کی ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ریکارڈ 20 فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ۔