کراچی(اسٹاف رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملکی صنعت کو نقصان پہنچانے والے ایرانی سرحدی علاقوں سے اسمگل شدہ ایرانی کوکنگ آئل کی پاکستان میں آمد روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی کرنے کافیصلہ کرلیا ہے۔ اس ضمن میں سابق چیئرمین پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے)،سابق نائب صدرایف پی سی سی آئی عبدالوحید اورسابق وائس چیئرمین پی وی ایم اے شیخ عمرریحان نے حکومت کی توجہ مرکوز کرادی ہے۔ عبدالوحید نے کہا کہ ملک میں ایرانی کوکنگ آئل کی بڑھتی ہوئی اسمگلنگ کے سبب ٹیکس حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک میں ایرانی مصنوعات کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے بھرپور کوششیں شروع کردی ہیں،ایف بی آر اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی اس کارروائی سے مقامی منڈیوں میں غیر صحت بخش، سستے اور غیر ڈیوٹی ادا کیے جانے والے ایرانی کوکنگ آئل کی دستیابی کو دھچکا لگے گاجس نے ایف بی آر کی آمدنی کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستاویزات ملک کی اولین ترجیح ہے اور مارکیٹ میں غیر دستاویزی ایرانی مصنوعات کی اسمگلنگ موجودہ ٹیکس مشینری کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہے، اس سلسلے میں ایسوسی ایشن نے ایف بی آر سمیت متعلقہ حکام کو متعدد خطوط لکھے ہیں، مقامی صنعت اور ملک کی ٹیکس آمدنی کو بچانے کے لیے متعلقہ انسداد اسمگلنگ قوانین کے تحت فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔