حکومت چند روز کی مہمان ہٹانے کا طریقہ کار جلد سامنے آجائیگا ، مریم نواز

211

اسلام آباد( آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے، وقت کا تعین پارٹی طے کریگی۔ ملکی بقاء اسی میں ہے کہ ملک کو آئین و قانون کے تحت چلایا جائے ، مسلم لیگ(ن)کا کوئی ایک ایم این اے یا ایم پی اے نہیں ٹوٹا تما م نواز شریف کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، بدترین انتقام کا نشانہ بنانے کے باوجود بھی (ن)لیگ نہیں ٹوٹی ، نیب ایک کے بعدایک بہانہ بناکر فرار ہونے کی کوشش کر رہا ہے ، حکومت کی کارکردگی بری نہیں بلکہ کارکردگی ہے ہی نہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر(ن)لیگ کا کہنا تھا کہ نیب ایک کے بعدایک بہانہ بناکر فرار ہونے کی کوشش کر رہا ہے حالانکہ حیران ہوں کہ یہ وہی نیب ہے جس نے دوماہ پہلے درخواست دی تھی کہ کیس روزانہ چلے نیب نے پھر توسیع مانگی ہے ۔ جب سے عدالت نے ثبوت مانگے ہیں نیب بہانے بنا رہا ہے ، نیب کا کورونا بہت لمبا ہو گیا ہے ۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ فواد چودھری کا بیان صرف مسائل سے توجہ ہٹانے اور اپنی نااہلی چھپانے کیلیے ہے۔ نواز شریف کی پارٹی ایک بہت بڑے عذاب سے گزر کر آئی ہے ، بدترین انتقام کا نشانہ بنانے کے باوجود بھی پارٹی نہیں ٹوٹی ۔ پاکستان اب یہ حکومت ایک دن کیلیے بھی برداشت نہیں کرسکتا۔مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ سمجھ نہیں آیا وفاقی وزیرداخلہ کو ہاتھ سر پر ہونے کی بات کہنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ وزراء کے بیانات سے لگتا ہے کہ ان کا انجام قریب ہے ۔ مجھے لگتا ہے حکومت سالوں ،مہینوں یا ہفتوں کی نہیں چند دنوں کی مہمان ہے۔ اس حکومت کی نالائقی کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ مری میں ان کی نالائقی اور نااہلی سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور کئی خاندانوں کے چراغ گل ہو گئے، برف میں لوگوں کی قبریں بن گئی مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی اور یہ سیاسی بیان بازی سے باز نہیں آئے۔