اماراتی وزیر خارجہ کا شاہ محمود کو فون، حوثیوں کے حملے سے آگاہ کیا

211

اسلام آباد (صباح نیوز) متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون، ابوظہبی ائرپورٹ پر حوثی باغیوں کے دہشتگردانہ ڈرون حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور حملے میں پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری علاقوں پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی، وزیر خارجہ نے اس حملے کے نتیجے میں متاثرین کے اہلخانہ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا کی اور متوفی پاکستانی شہری کی میت کی جلد وطن واپسی اور زخمیوں کے فوری علاج معالجے کی کاوشوں پر اماراتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور متحدہ عرب امارات کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دہشت گردانہ کارروائیاں متحدہ عرب امارات کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، امن و امان کیلیے سنگین خطرہ بننے والے اس طرح کے حملوں کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔