بددیانت حکومت میں زرعی ملک غذائی قلت کا شکار ہے، حمزہ شہباز

82

لاہور (آن لائن) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کھاد کے بحران اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر حکومت پرشدیدتنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بددیانت حکومت کے دور میں زرعی ملک غذائی قلت کا شکار ہوگیا، پیٹرول اور ڈیزل 74 سال کی بلند ترین سطح پر ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کھاد کارخانوں کو گزشتہ چند ماہ کے دوران گیس فراہمی نہ ہونے سے بھی پیداوار کم ہوئی ،کرپٹ حکومت کی سرپرستی میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کا بازار گرم ہے، 3 ہزار روپے بلیک میں یوریا مل جانے والا کسان خوش قسمت تصور ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی غفلت اور مجرمانہ نااہلی سے گندم کی پیداوار 15 سے 20 فیصد متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ بھی کھاد کے لیے دربدر پھرتے کسان پر بجلی بن کر گرا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات پرحکومت 31 روپے سے زائد ٹیکسز کی مد میں وصول کررہی ہے۔