ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت)شہر میں چوروں اور لٹیروں کا راج، نامعلوم افراد دن دیہاڑے مین شاہی بازار کی ہول سیل دکان سے لاکھوں روپے لے اُڑے، تاجر برادری میں غم و غصے کی لہر۔ تفصیلات کے مطابق مین شاہی بازار میں اقبال چمک کی ہول سیل کی دکان سے نامعلوم افراد نے ایک لاکھ 70 ہزار روپے چھین لیے اور بھرے بازار سے باآسانی فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد تاجر برادری میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔ تاجر اقبال چمک کے مطابق 3 سے 4 افراد دکان پر آئے اور دکان سے ایک لاکھ 70ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے، چند لوگوں نے لٹیروں کا پیچھا بھی کیا مگر وہ ہاتھ نہ لگے۔ واقعے کی ایف آئی آر پولیس پوسٹ پر اقبال چمک کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف کٹوادی گئی مگر کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی ۔تاجر برادری نے ایس ایس پی ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اقبال چمک کی شاپ سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کرکے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔