طلباء کو اسکالرشپس دینے کیلیے کوشش کر رہے ہیں،ڈاکٹر فتح مری

163

ٹنڈو جام (نمائندہ جسارت) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرام میں تدریسی سال 22-2021 کے نئے داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ پبلک اسکول لطیف آباد حیدرآباد میں منعقد کیا گیا، جس میں 3000 کے قریب اُمیدوار شریک ہوئے، یونیورسٹی کی 5 کلیات، سینٹر اور انسٹی ٹیوٹ سمیت متعلقہ کالجز اور سب کیمپس کے لیے انٹری ٹیسٹ انتہائی حفاظتی اقدام اور ایس او پیز کے تحت منعقد کیا گیا، انٹری ٹیسٹ میں 3 ہزار سے زائد طلباء نے فارم جمع کروائے جبکہ 2940 اُمیدوار شریک ہوئے، جس کے لیے 62 بلاک بنائے گئے تھے، انٹری ٹیسٹ میں کل 2640 طلبا اور 300 طالبات شریک ہوئیں، جن میں پری میڈیکل کے 1739 میل اور 272 فی میل طالبات نے حصہ لیا، اس طرح پری انجینئرنگ کے لیے 876 میل اور25 فی میل اُمیدوار شریک ہوئیں، انٹری ٹیسٹ کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ واک تھرو گیٹ، ماسک اور سینیٹائزر کے ساتھ ایس او پیز کا خاص خیال رکھا گیا تھا، 100 منٹ اور 100 سوالات پر مبنی ایم سی کیوز کے تحت انٹری ٹیسٹ لیا گیا، وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے ڈینز اور حکام کے ساتھ جاری انٹری ٹیسٹ کا جائزہ لیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے وائیس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا انٹری ٹیسٹ کے ذریعے ملک کے زرعی، لائیو اسٹاک سمیت پبلک اور پرائیویٹ اداروں کو بہترین تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرنے کے لیے جامعات میں پڑھنے والے طلباء کی ریکوائرمنٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا سندھ زرعی یونیورسٹی ملک کی بہترینمادرعملی ہے، اس لیے غریب طلباء کو اعلیٰ تدریسی سہولیات اور اسکالرشپس دینے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا سندھ زرعی یونیورسٹی کا شمار ملک کی بہترین جامعات میں ہوتا ہے، کوشش ہے کہ ہمارے نوجوان زرعی سائنسی علم کے ذریعے غریب عوام اور ملک کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں، سندھ زرعی یونیورسٹی کو صوبے کی اسمارٹ یونیورسٹی کا اعزاز بھی حاصل ہے۔