عمران صاحب مذہبی ”ایکسپلوئیٹر “ ہیں، مریم اورنگزیب

254

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب مذہبی ”ایکسپلوئیٹر “ ہیں، وزےراعظم مقدس اصلاحات کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران صاحب کا مدینہ کی ریاست پہ مضمون لکھنا اس چور کی مانند ہے جوچوری پکڑے جانے پہ مسجد میں چھپ جائے۔ وزیراعظم عمران خان کے مضمون پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان ن لےگ نے کہا کہ عمران صاحب اپنی لوٹ مار، نااہلی ، نالائقی چھپانے کے لیے اسلام
اورریاست مدینہ جیسے مقدس ناموں کا استحصال کررہے ہیں، عمران صاحب جیسا شخص ہی یہ مضمون لکھ سکتا ہے جو حالت انکار، ہٹ دھرمی، ڈھٹائی اور بے شرمی کی غیر معمولی انتہا پر فائز ہے۔ 3 برس میں عمران صاحب نے ملک کے ساتھ جو کیا اور کہا اس کے بعد سراپا ڈھٹائی، بے شرمی، حقیقت سے انکاری شخص ہی ایسا مضمون لکھ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی لوٹ مار ، نالائقی اور نااہلی میں ڈوبا شخص اپنی ڈوبتی کشتی بچانے کے لیے ریاست مدینہ پہ درس نہ دے۔ انہوں نے کہا ریاست مدینہ اور عمران صاحب استغفراللہ، نعوذبااللہ، انا للہ۔ انہوں نے کہا کہ طاقتور، مکار سیاستداں اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے مضمون لکھ کر قوم کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ اخلاقی پستی کی علامت شخص کس منہ سے مدینہ کی ریاست کی اخلاقیات کا درس دے رہا ہے؟