قازقستان میں امن و امان کی صورتحال جلد بحال ہو جائےگی،آرمی چیف

81

راولپنڈی (اے پی پی)پاکستان میں جمہوریہ قازقستان کے سفیر یرژان کِسٹافن نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے امید ظاہر کی کہ قازقستان میں امن و امان کی صورتحال جلد بحال ہو جائے گی۔ افغانستان کا حوالہ دیتے ہوئے آرمی چیف نے وہاں انسانی بحران کو روکنے کےلیے مخلص بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔