وزیراعظم اسلام کا ناجائز فائدہ اٹھارہے ہیں،مریم اورنگزیب

191

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب دین اسلام اور اس کی مقدس اصلاحات کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ مذہبی ‘ایکسپلوئیٹر’ ہیں ۔ عمران صاحب کا مدینہ کی ریاست پر مضمون لکھنا اس چور کی مانند ہے جوچوری پکڑے جانے پہ مسجد میں چھپ جائے ۔ مری میں بے گناہ جاں بحق ہوجائیں، مہنگائی سے عوام مر جائیں اور لیکچر ریاست مدینہ کے ؟ وزیراعظم عمران خان کے مضمون پر ردعمل دیتے ہو ئے ترجمان ن لیگ نے کہا کہ عمران صاحب اپنی لوٹ مار، نااہلی ، نالائقی چھپانے کے لیے اسلام اور ریاست مدینہ جیسے مقدس ناموں کا استحصال کررہے ہیں ، عمران صاحب جیسا شخص ہی یہ مضمون لکھ سکتا ہے جو حالت انکار، ہٹ دھرمی، ڈھٹائی اور بے شرمی کی غیر معمولی انتہا پر فائز ہے۔ 3 سال میں عمران صاحب نے ملک کے ساتھ جو کیا اور کہا ا س کے بعد سراپا ڈھٹائی، بے شرمی، حقیقت سے انکاری شخص ہی ایسا مضمون لکھ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا اپنی لوٹ مار ، نالائقی اور نااہلی میں ڈوبا شخص اپنی ڈوبتی کشتی بچانے کے لیے ریاستِ مدینہ پر درس نہ دے ۔