کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں تعینات ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے ایرانی قونصل خانہ میں ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ٹیپ) کے چیئر مین اور بورڈ آف ڈایرکٹرز کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں حسن نوریان نے ٹیپ ممبران کو تہران میںمنعقد ہونے والے بین الاقوامی سیاحتی میلے میں شرکت کی دعوت دی اور دونوں ممالک کے مشترکہ تعاون سے سیاحتی شعبہ کو فروغ دینے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لانے پر اتفاق ہوگیا،اس ملاقات میں حسن نوریان نے ویزوں کے اجرا کو آسان بنانے پر زور دیتے ہوے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کی پہلی نشانی عوام کے درمیان رابطے قائم کرنے کی سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان بہت سی مشترکات اور مشترکہ مفادات ہیں، اور پاکستان اور ایران کے درمیان سیاحوں اور زائرین کے تبادلے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،دونوں ممالک کے شہری ایک دوسرے کے پڑوسی ہونے کے باوجود ایک دوسرے کو بالکل ناواقف ہیں۔چیئرمین ٹیپ نے کہا کہ دلچسپی اور خوبصورتی کے مقامات کے علاوہ پاکستان میں ایسے مزارات بھی موجود ہیں جو ہم ایرانیوں کو پاکستان کے سیاحتی مقامات کو دیکھنے کی دعوت دیتے ہیں۔