حکومت ہفتوں اور مہینوں کی نہیں چند دنوں کی مہمان ہے، مریم نواز

502

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت ہفتوں اور مہینوں کی نہیں چند دنوں کی مہمان ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی بری نہیں، کارکردگی ہے ہی نہیں، مہنگائی، بے روزگاری، مری سانحہ اور کس کس پر بات کریں۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ نوازشریف کی پارٹی عذاب سے گزر کر آئی ہے، ن لیگ آزمائشوں کے بعد بھی نہیں ٹوٹی، جس طرح کے مقدمات بنائے گئے مسلم لیگ اس کے باوجود نہیں ٹوٹی، پارٹی کے رہنما نوازشریف کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، حکومت کی جانب سے اپنی نااہلی کو چھپانے کے لیے مختلف خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز اپنی قیادت کے خلاف بات کرتے ہیں، عمران خان اقتدار میں ہیں اس کے باوجود ان کے ممبران ان کی عزت نہیں کرتے۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ حکومت ہفتہ، مہینے نہیں چند دنوں کی مہمان ہے، صورتحال سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا انجام قریب ہے، ان کی نااہلی سے جتنی جلدی جان چھڑائی جائے اتنا اچھا ہے، پاکستان یہ حکومت ایک دن کے لیے بھی برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف جلد پاکستان آئیں گے، جتنی جلدی پی ڈی ایم کو حکومت گرانے کی تھی اس سے زیادہ جلدی انہیں خود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید بیانات دینے کی بجائے سانحہ مری کا جواب دیں، جتنی جلدی پی ڈی ایم کو حکومت گرانے کی تھی اس سے زیادہ جلدی انہیں خود ہے۔