اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت نے رات کے اندھیرے میں عوام دشمن منی بجٹ کو زبردستی پاس کروایا۔
یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے منی بجٹ کو زبردستی پاس کروایا، ہم نے ایوان کے اندر اور باہر منی بجٹ کیخلاف احتجاج کیا، ہم سےوعدہ کیا گیا کہ کچھ اشیا پرٹیکس نہیں لگایا جائے گا وہ بھی غلط نکلا۔
انہوں نے کہا کہ سولر پینل سمیت دیگر اشیا پر بجٹ واپس نہیں لیا، اب تاریخی غربت ہوگی، عوام حکومت کی نااہلی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، عوام کا مطالبہ ہے کہ اس حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلے، 27 فروری کو کراچی سے حکومت کے خلاف نکلیں گے ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے جمہوری طریقے سے حکومت کو نکالنے کی بات کی تھی، ہم نے تحریک عدم اعتماد کی بات بھی کی تھی، ہم جمہوری لوگ ہیں غیر جمہوری کام نہیں کریں گے، جمہوری کوشش سے حکومت کو نکالیں گے، اور عوامی طاقت سے حکومت بنائیں گے۔