غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے صحافی سجاد گل پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے انہیں جموں کی کوٹ بھلوال جیل منتقل کر دیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وجے کمار نے میڈیا کو تصدیق کی ہے کہ سجادگل کے خلاف پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور وہ جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں ہیں۔ ہفتے کے روز ضلع بانڈی پورہ کی ایک مقامی عدالت نے سجادگل کے خلاف درج ایک مضحکہ خیز مقدمے میں ان کی ضمانت منظورکی تھی۔
عدالت نے ہفتے کے روز پولیس کو ہدایت کی تھی کہ گل کو 30,000 روپے کے مچلکے پر رہا کیا جائے اگر وہ کسی اور جرم میں ملوث نہیں ہے۔تاہم انہیں رہانہیں کیا گیا بلکہ ان کے خلاف ایک اور جھوٹا مقدمہ درج کیاگیا۔ سجادگل کو بھارتی فوج نے 5 جنوری کو گرفتار کیا تھا اور ان کی گرفتاری کی بھارت اور مقبوضہ علاقے کے مختلف حلقوں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی تھی اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔