بدین(نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید محمد فاضل راہو کو 35 ویں یومِ شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید محمد فاضل راہو ہماری تاریخ کے ایک بہادر، رواداری پسند اور جمہوریت پسند قدآور رہنما تھے،شہید فاضل راہو کی ملک میں جمہوریت اور سندھ کے کسانوں کے حقوق کے لیے جدوجہد اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ شہید محمد فاضل راہو ایم آر ڈی کی تحریک کے دوران شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قابلِ اعتماد اتحادیوں میں سے ایک تھے۔ چیئرمین بلاول زرداری نے کہا کہ شہید فاضل راہو کی ترقی پسند سوچ، جمہوریت پسندی اور غریب کسانوں کے حقوق کے لیے جدوجہد ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آج یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم ملک میں حقیقی جمہوریت، آئین و پارلیمان کی بالادستی اور مساوات کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، یہی وہ کاز تھا جس کی خاطر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور شہید محمد فاضل راہو نے زندگی بھر جدوجہد کی اور اپنی جانیں قربان کردیں۔