بدین (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی بدین کے تحت پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ 2015 کی منظوری، بلدیاتی کالے قانون کے خلاف احتجاجی کیمپ لگائے گئے، احتجاجی کیمپ میں جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ، نائب امیر سید داود شاہ گیلانی،اللہ بچایو ہالیپوٹہ، غلام رسول احمدانی، محمد موسیٰ ملاح، عظیم احمد منصوری، محمد سلیم جونیجو، فتح خان،ایاز لطیف سومرو، عبدالشکور کھوسہ، پیر علی احمد شاہ، واحد بخش احمدانی مولانا علی گل سیکھڑو، عثمان بارن ودیگر نے شرکت کی۔ احتجاجی کیمپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کو اپنی جاگیر سمجھتی ہیں اور سندھ سمیت ضلع بدین کے لوگوں کو اپنا غلام بنانا چاہتی ہیں، لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کے ذریعے بلدیاتی منتخب نمائندوں کے اختیارات سلپ کرلیے ہیں۔ بلدیاتی اداروں میں مزید کرپشن کرنے کے لیے اختیارات اپنے حقیقی نمائندوں کے بجائے من پسند افسران کو دینا ہے ہم سندھ سمیت ضلع بھر میں کالا قانون نافذ نہ ہونے دیں گے۔ علی مردان شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت بلدیاتی اداروں اور منتخب نمائندوں سے اختیارات چھیننا چاہتی ہے غیر قانونی ترمیمی بلدیاتی کالے قانون کی آڑ میں منتخب بلدیاتی اداروں کے اختیارات اپنے پاس رکھ کر صرف ٹھیکیداری نظام منتخب نمائندوں کو دینے کی پلاننگ کی جارہی ہے ایسا ہرگز نہ ہونے دیں گے سندھ حکومت فوری ترمیمی بلدیاتی کالے قانون واپس لے،منتخب نمائندوں کو اختیارات دینے کے بجائے بلدیاتی ترمیم کے ذریعے بے اختیار کردیا گیا ہے جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ ترمیمی بلدیاتی کالے قانون کا بل واپس لیا جائے سندھ اسمبلی میں بلدیاتی اداروں کو بے اختیار بنانے والے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کو واپس لے کر بلدیاتی اداروں اور منتخب نمائندوں کو مالی اور انتظامی طور پر بااختیار بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کراچی میں جاری دھرنے کی حمایت کرتی ہیں کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے وفاق اور سندھ حکومت کو سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے۔