لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) سینٹرل جیل میں جیل انتظامیہ اور قیدیوں کے درمیان قیدیوں کی دیگر جیلوں میں منتقلی پر چوتھے روز بھی کشیدگی رہی، جہاں قیدیوں نے جیل کی چھتوں پر چڑھ کر اور مسجد کے اندر جیل انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا جبکہ جیل کے اندر ایک قیدی نے خود کو آگ لگاکر خودکشی کی کوشش بھی کی تاہم دیگر قیدیوں اسے بچالیا، جیل کے اندر سے قیدیوں نے اپنی ویڈیو وائرل کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ حکام کو بلیک میل کرکے قیدیوں کو بدمعاش قرار دے رہے ہیں جبکہ قیدی بدمعاش نہیں وہ صرف اپنے حقوق مانگ رہے ہیں جس پر ان کے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مسلسل کشیدگی کے باعث کئی بیمار مریضوں کی زندگی داؤ پر لگ چکی، جبکہ بجلی، پانی، ادویات، کھانے پینے سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی بند کردی گئی ہے جو ہمارا حق ہے اگر ہم مرجائیں اور کوئی نقصان پہنچے تو اس کی ذمہ داری جیل سپرنٹنڈنٹ پر ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قیدیوں کو دیگر جیلوں میں منتقلی مؤخر کرکے جیل سپرنٹنڈنٹ کو عہدے سے ہٹا کر سہولیات فراہم کی جائیں۔