سکھر (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں قربان ملانو گروپ کے پروگریسو لائرز پینل کے تمام اُمیدوار کامیاب ہو گئے۔ نتائج کے مطابق صدر ظفر علی عیدن منگی ، جنرل سیکرٹری ذوالفقار علی ملانو، ، نائب صدر محمد ظہیر بابر، جوائنٹ سیکرٹری ظفر علی شاہ ، لائبریرین نوید احمد چنا اور خزانچی کے عہدے پر پارس بگٹی کامیاب ہو گئے، کامیاب اُمیدواروں کے حامی وکلاء میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور کامیابی پر جشن منایا، ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات میں ڈیموکریٹک اور پروگریسو پینلز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا ،دونوں پینلز کے حمایتیوں میں جوش و خروش پایا جاتا تھا، نئے عہدیداروں کے انتخاب کے لیے سیشن کورٹ سکھر میں پولنگ کا عمل ایڈیشنل سیشن جج ذکاء اللہ ابڑو کی زیر نگرانی صبح 9 سے شام 5بجے تک جاری رہا، جس کے دوران سکھر ضلع سے تعلق رکھنے والے 1100سے زائد ووٹرز وکلاء نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، ڈیموکریٹک فورم کی جانب سے عجیب جونیجو اور پروگریسو فورم کی جانب سے ظفر عیدن منگی صدارتی عہدے کے لیے اُمیدوار تھے جبکہ سیکرٹری کی نشست پر پروگریسو فورم کی جانب سے ذوالفقار علی ملانو اور ڈیموکریٹک پینل کی جانب سے قربان علی شر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ رہا۔