لاڑکانہ،کھاد کی قلت اور بلیک مارکیٹنگ کیخلاف مظاہرہ

161

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) سندھ میں کھاد کی مصنوعی قلت اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف سماجی تنطیم پیغام قرآن تنظیم کی جانب سے آبادگاروں کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، جہاں مظاہرین نے نقلی نوٹوں کے ہار لے کر شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر رہنماؤں محمد سلیمان کھوکر، غلام حیدر کورائی اور دیگر کا کہنا تھا کہ نااہل حکمرانوں کو ہار پہنانے کے لیے خرید کر لے آئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک زرعی ہے لیکن اس وقت ملک میں آٹا، چینی اور دیگر اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ پورے سندھ میں کھاد کی مصنوعی قلت کرکے شہریوں اور آبادگاروں کو پریشان کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں ڈیلر مافیا 17 سو کھاد کی بوری 3 ہزار میں فروخت کر رہی ہے جس کے باعث کسان سخت تکالیف میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صرف نوٹس لے رہی ہے لیکن عملی کام نہیں کر رہی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ کھاد کی مصنوعی قلت کا خاتمہ کرکے بلیک مارکیٹنگ میں ملوث ڈیلرز کے خلاف سخت کارروائی کرکے آبادگاروں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔