لاہور (آن لائن) بینکنگ عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کو ن لیگ صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیدیا جبکہ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت میں 21 جنوری تک توسیع کردی۔ بینکنگ جرائم کورٹ کے جج سردار طاہر صابر نے جمعے کے روز کی عدالتی سماعت کا ہفتہ کو تحریری فیصلہ جاری کیا ہے، عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز متعلقہ عدالت سے عبوری درخواست ضمانت کے لیے رجوع کریں۔ درخواست گزار کے وکلا کی استدعا پر متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی
مہلت دی گئی ہے، عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا ہے کہ درخواست ضمانت کے لیے مہلت دینے پر ایف آئی اے کے وکلا کو اعتراض نہیں ہے۔ بینکنگ جرائم عدالت کے روبرو شہباز شریف اور حمزہ نے ایف آئی اے کی جانب سے طلبی پر گرفتاری سے بچنے کے لیے درخواست ضمانت دائر کی تھی جس میں ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔