شہباز‘ حمزہ نے بے نامی کھاتوںسے منی لانڈرنگ کی، ایف آئی اے

133

لاہور (صباح نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف پر بے نامی بینک اکائونٹس سے منی لانڈرنگ کا الزام لگایا ہے، ایف آئی اے نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں کالے دھن کا سفید ہونا نجی بینکوں کی ناکامی قراردیا ہے۔ نجی ٹی وی کی جانب سے شہباز شریف خاندان کے خلاف حاصل کی گئی ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بے نامی اکائونٹس سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے منی لانڈرنگ کی اور منی لانڈرنگ کیلیے بے نامی اکائونٹس کا استعمال نہ روکنا بینکوں کی واضح ناکامی ہے۔ ایف آئی اے نے بے نامی اکائونٹس نہ پکڑنے پر اسٹیٹ بینک پاکستان کو نجی بینکوں کے خلاف کارروائی کیلیے درخواست بھی دے دی ہے۔ ایف آئی اے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ بینک اور اسٹیٹ بینک پاکستان، اینٹی منی لانڈرنگ ریگولیشن پر عملدرآمد نہیں کرواسکے۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے نے بینکرز کو اپنی رپورٹ میں کلین چٹ دے دی ہے اور کہا ہے کہ شہباز شریف خاندان نے جو منی لانڈرنگ کی ہے اس میں بینکرز کا کوئی کردار نہیں، ایف آئی اے نے شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کیخلاف 16رب روپے کی منی لانڈرنگ کا چالان تیار کر رکھا ہے اورآئندہ 2 سے 3 روز میں عدالت میں جمع کروادیا جائے گا۔