۔
لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی بینکنگ جرائم عدالت نے العربیہ اور رمضان شوگر ملز کے حوالے سے جعلی اکائونٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے ضمانت میں 21 جنوری تک توسیع کردی، ایف آئی اے کو 21 جنوری تک دونوں کی گرفتاری سے روک دیا۔ بینکنگ جرائم کورٹ کے جج سردار طاہر صابر نے جمعہ کے روز کی عدالتی سماعت کے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز متعلقہ عدالت سے عبوری درخواست ضمانت کیلیے رجوع کریں،
درخواست گزار کے وکلا کی استدعا پر متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی مہلت دی گئی ہے، عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا ہے کہ درخواست ضمانت کیلیے مہلت دینے پر ایف آئی اے کے وکلا کو اعتراض نہیں ہے۔ ایف آئی اے نے اس عدالت کا دائرہ اختیار نہ ہونے پر چالان واپس لینے کی استدعا کی تھی۔