راولپنڈی (آن لائن) مری میں 23 افراد کی ہلاکت کے بعد راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے مری میں داخلے کی مشروط اجازت دے دی۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مری میں روزانہ 8 ہزار گاڑیوں کے داخلے کی اجازت دی گئی ہے، پابندی کا اطلاق مری اور آزاد کشمیر کے رہائشیوں پر نہیں ہوگا اور 17 جنوری تک مری سیاحوں کے لیے بند رہے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر مری ٹریفک پلان ترتیب دیں گے، حد سے زائد گاڑیوں کو روکنے کی ذمے داری بھی چیف ٹریفک آفیسر کی ہوگی۔ شام 5 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان مری میں سیاحوں کا داخلہ نہیں ہوسکے گا۔ چیف ٹریفک آفیسر محکمہ موسمیات سے مکمل رابطے میں رہیں گے۔ اس کے علاوہ چیف ٹریفک آفیسر، سٹی پولیس آفیسر مناسب نفری تعینات کرنے کے پابند ہوں گے۔