کیپ ٹائون(جسارت نیوز)جنوبی افریقا نے کیگن پیٹرسن کی دونوں اننگز میں نصف سنچریوں کی بدولت بھارت کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز2-1سے اپنے نام کر لی۔جنوبی افریقا نے 212رنز کا ہدف 3وکٹوں کے نقصان پر پورا لیا ۔جنوبی افریقا کی جانب سے پیٹرسن نے 82، ڈوسن 41اور باووما 32رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔پیٹرسن کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کے ساتھ ساتھ سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔کیپ ٹائون میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کپتان ویرات کوہلی نے 79رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن ایک مرتبہ پھر ان کا 71ویں انٹرنیشنل سنچری بنانے کا خواب پورا نہ ہو سکا جبکہ چتیشور پجارا نے 43رنز بنائے۔بھارت کی ٹیم پہلی اننگز میں223رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، بھارت کی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور 58رنز پر4 بلے باز پویلین لوٹ گئے ،تاہم کوہلی اور ریشابھ پنت کی 94 رنز کی شراکت نے مہمان ٹیم کی لاج رکھ لی۔بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں 198رنز پر ڈھیر ہو گئی اور جنوبی افریقا کو میچ میں فتح کے لیے 212رنز کا ہدف دیا۔مارکو جینسن نے 4اور کگیسو ربادا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقا نے 3وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔