دادو ، عدالت نے صحافیوں کیخلاف درخواست خارج کردی

97

دادو ( نمائندہ جسارت ) دادو میں بجلی صارفین سے ناجائزکنڈا کنکشن، ڈیڈیکشن اور فنی خرابی کی آڑ میں غیرقانونی طویل لوڈشیڈنگ کی خبریں چلانے پر پریس کلب کے 2 صحافیوں شاہ محمد لغاری اور بابا بلوچ خلاف واپڈا دادو کے ایس ڈی او ون فاروق کابورو کی جانب سے مقامی عدالت میں بھتا لینے کی 22/AB کی درخواست عدالت نے جھوٹی قرار دے کر خارج کر دی ۔ اس موقع پر صحافیوں ایس ایم لغاری اور بابا بلوچ نے کہا کہ سیپکو انتظامیہ کی جھوٹی درخواستوں سے ڈرنے والے نہیں، واپڈا کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر، ایکس ای این اور ایس ڈی اوز کی ملی بھگت سے بجلی چوری کی جارہی ہے جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپوں کا نقصان ہو رہا ہے، آئے روز بجلی صارفین سے واپڈا دادو کی زیادتی بڑھ رہی ہیں، شہر میں 16 سے 18 گھنٹے طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ دیہی علاقوں میں بجلی نایاب ہوگئی ہے حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی گئی تو ایس ڈی او ون فاروق کابورو نے بھتا کی جھوٹی درخواست دائر کی تاہم فاضل جج نے درخواست کو خارج کرکے انصاف کا بول بالا کر دیا ،جبکہ دادو پریس کلب کے صدر صابر بھنڈ نے کہا کہ صحافی عوام کی آنکھ کان اور زبان ہے ،پریس کلب عوام کی ترجمانی کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دادو پریس کلب کے صحافی منظم و متحد ہیں اور اعلان کیا گیا کہ واپڈا دادو کی زیادتیوں پر حقائق پر مبنی رپورٹنگ جاری رہے گی۔