لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) سول لائن تھانے کی حدود اوور ہیڈ برج سے جرائم پیشہ افراد حیدرآباد کے رہائشی عباس شیخ کی گاڑی روک کر فیملی سمیت اسلحے کے زور پر یرغمال بناکر زیورات، 30 ہزار روپے نقدی، موبائل فونز و دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے، اطلاع پر پولیس نے واقعے سے متعلق معلومات لے کر تفتیش شروع کردی جبکہ متاثرہ شہری نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرکے سونے زیورات، نقدی، موبائل فونز اور سامان واپس کروانے کی اپیل کی ہے۔ دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے پریس ترجمان حمید اللہ سیال نے لاڑکانہ میں بڑھتی ہوئی بدامنی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ شہری کو انصاف فراہم کرکے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سفارشی افسران کی تعیناتیاں روک کر ضلع میں امن امان کی صورتحال کو بہتر کیا جائے بصورت دیگر جے یو آئی کی جانب سے سخت احتجاج کیا جائے گا۔